امریکا میں مقیم روسی نژاد اولمپک ہاکی کھلاڑی ایوان زینچینکو نے ایک ہاکی میچ کے دوران سر پر پَک لگنے کے بعد ہیلمٹ بنانے والی کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے۔ مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کھلاڑی کو دماغی چوٹ سمیت شدید جسمانی اور ذہنی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ معمول کی ازدواجی زندگی بھی برقرار رکھنے کے قابل نہیں رہے۔
دستاویزات کے مطابق 32 سالہ ایوان زینچینکو 27 ستمبر 2025 کو لاس اینجلس کے علاقے میں واقع ایل اے کنگز ویلی آئس سینٹر میں یو ایس اے ہاکی سے منظور شدہ ایک میچ کھیل رہے تھے، جب ایک تیز رفتار ہاکی پَک ان کے ہیلمٹ سے ٹکرا کر اسے نقصان پہنچاتے ہوئے سر تک جا پہنچا۔مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ زینچینکو نے جو حفاظتی ہیلمٹ پہن رکھا تھا وہ Bauer Re-Akt 55 ماڈل تھا، جو ٹکر کے نتیجے میں پھٹ گیا اور پَک ہیلمٹ کو عبور کرتے ہوئے ان کے سر سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے بعد ان کے سر سے شدید خون بہنے لگا اور خون آئس رِنک پر پھیل گیا۔واقعے کی ویڈیو میں مبینہ طور پر دیکھا گیا کہ حادثے کے بعد زینچینکو کھڑے ہوئے تو تماشائی خوف زدہ ہوگئے۔ بعد ازاں انہیں فوری طور پر ویلی پریسبیٹیرین اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے سر پر آنے والے زخموں اور ہیماٹوما کا علاج کیا گیا۔
مقدمے کے مطابق حادثے کے فوراً بعد زینچینکو کو یادداشت کے مسائل اور آنکھوں کی حرکات و جسمانی ہم آہنگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ اس حادثے کے بعد دوبارہ آئس پر ہاکی کھیلنے کے قابل نہیں ہوسکے۔ مقدمے میں ایوان زینچینکو کی اہلیہ صوفیا زینچینکو کو بھی مدعی بنایا گیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ شوہر کی شدید چوٹوں کے باعث انہیں ازدواجی رفاقت، جنسی تعلق اور صحبت سے محرومی کا سامنا ہے۔زینچینکو کے وکیل پال سیگل مین نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے بعد جوڑے کی نجی اور ازدواجی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے اور ایوان اب مکمل طور پر معمول کے مطابق کام کرنے کے قابل نہیں رہے۔وکیل کے مطابق یہ نقصان صرف جسمانی تکلیف تک محدود نہیں بلکہ اس نے زینچینکو کی ازدواجی زندگی، روزگار اور روزمرہ معمولات کو بھی متاثر کیا ہے۔ مقدمے میں جوڑے نے نقصانات کے ازالے کے لیے مالی معاوضے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم رقم ابھی حتمی طور پر طے نہیں کی گئی۔ وکیل کے مطابق مجموعی نقصان ملٹی ملین ڈالرز تک پہنچ سکتا ہے۔
مقدمے میں ہیلمٹ بنانے والی کمپنی Bauer Hockey اور وہ اسٹور بھی فریق بنائے گئے ہیں جہاں سے زینچینکو نے ہیلمٹ خریدا تھا۔ دستاویزات کے مطابق انہوں نے یہ ہیلمٹ 3 جولائی 2025 کو کیلیفورنیا کے شہر اَناہائم میں واقع Pure Hockey اسٹور سے خریدا تھا۔مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہیلمٹ کو Pure Hockey نے زینچینکو کے مقابلوں میں استعمال کے لیے منتخب اور تجویز کیا تھا، تاہم حادثے کے دوران حفاظتی سامان ناکام ہوگیا۔قانونی دستاویزات میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیلمٹ میں ممکنہ طور پر مینوفیکچرنگ نقص یا ڈیزائن سے متعلق خامی موجود تھی اور اسے مناسب انتباہ کے بغیر فروخت کیا گیا۔ مقدمے میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ متاثرہ ہیلمٹ مینوفیکچرنگ specifications یا اسی پروڈکٹ لائن کے دیگر ہیلمٹس کے ڈیزائن سے مختلف ہوسکتا ہے۔
مقدمے کے مطابق حادثے کے اثرات نے زینچینکو کی پیشہ ورانہ زندگی کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ وہ ایک ایسی کمپنی میں کام کرتے تھے جہاں مہنگی اور خصوصی گاڑیوں کی مرمت اور بحالی کا کام کیا جاتا تھا، لیکن حادثے کے بعد وہ اپنی ملازمت جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے۔وکیل کے مطابق زینچینکو کو روزمرہ کاموں میں بھی یادداشت کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ گاڑی پر کام کرتے ہوئے کوئی پرزہ ایک طرف رکھتے ہیں اور کچھ دیر بعد واپس آکر اسے دوبارہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں یاد نہیں رہتا کہ وہ پرزہ کہاں رکھا تھا۔وکیل کے مطابق زینچینکو اور ان کی اہلیہ لاس اینجلس کے سان فرنینڈو ویلی میں نسبتاً سادہ زندگی گزار رہے ہیں۔ دونوں کی مادری زبان روسی بتائی گئی ہے۔
حادثے کے بعد صوفیا نے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ہاؤس کیپر کے طور پر کام شروع کیا اور مبینہ طور پر اس وقت وہی خاندان کی مالی ضروریات پوری کر رہی ہیں۔زینچینکو کے وکیل نے انہیں ایک نرم مزاج شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ ہاکی کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ ہاکی ان کی پوری زندگی رہی ہے۔ تاہم حادثے کے بعد ان کی صحت اور جسمانی صلاحیتوں نے انہیں کھیل سے دور کردیا ہے۔مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ زینچینکو روس کی 2026 اولمپک ٹیم میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتے تھے، تاہم روسی کھلاڑیوں کی یوکرین جنگ کے باعث مقابلوں میں شرکت پر پابندی کے سبب وہ اولمپکس میں حصہ نہیں لے سکے۔حادثے کے بعد پیدا ہونے والے جسمانی اور دماغی مسائل نے ان کے کھیلوں کے کیریئر کو مزید متاثر کیا۔ مقدمے میں ان کی جانب سے خوف، صدمے، جسمانی کمزوری، دماغی چوٹ اور دیگر نقصانات کا ذکر کیا گیا ہے۔
