امریکی ریئلٹی ٹی وی شو ’دی چیلنج‘ کے سابق اسٹار ڈیوس میلوری نے ایک سال قبل اپنی جنسی شناخت کے حوالے سے دیے گئے بیان کے بعد اب گرل فرینڈ کے ساتھ اپنا رومانوی تعلق باضابطہ طور پر منظرِ عام پر لے آیا ہے۔
43 سالہ ڈیوس میلوری نے حال ہی میں انسٹاگرام پر چھٹیوں کے دوران اپنی گرل فرینڈ ریچل وان کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات کی تصاویر پر مشتمل پوسٹ شیئر کی۔ تصاویر میں دونوں کو ساحل سمندر کے خوبصورت مناظر کے درمیان ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے اور محبت کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔میلوری نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا، ’’شکر گزار ہوں ان نئی یادوں کے لیے جو ایک دن پرانی تصاویر میں تبدیل ہوجائیں گی۔‘‘ایک دوسری انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے ریچل وان کے ساتھ بوسہ لیتے ہوئے تصویر بھی شیئر کی اور لکھا، ’’یہ حیران کن ہے کہ محبت کیا کچھ کر سکتی ہے۔ میں تم سے محبت کرتا ہوں۔‘‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق میلوری اور وان کی پہلی ملاقات فروری 2022 میں ہوئی تھی، جب میلوری ہوائی میں ایک شادی کی تقریب میں بطور ڈی جے خدمات انجام دے رہے تھے۔ دونوں نے بعد ازاں ایک ساتھ سفر کرنا شروع کیا اور پہلے قریبی دوست بنے، جس کے بعد ان کے درمیان محبت کا رشتہ قائم ہوا۔ دونوں نے باضابطہ طور پر رواں سال اگست میں ڈیٹنگ شروع کی۔
ڈیوس میلوری کی نئی محبت کی خبر ایک سال بعد سامنے آئی ہے جب انہوں نے گزشتہ سال ہوائی کے ایک چرچ میں خطاب کرتے ہوئے اپنی سابقہ زندگی کے بارے میں بات کی تھی۔میلوری نے بتایا تھا کہ وہ تقریباً 20 سال تک ہم جنس پرست طرزِ زندگی سے وابستہ رہے اور دعویٰ کیا تھا کہ خدا نے انہیں اس زندگی سے ’’باہر نکالا‘‘ ہے۔ انہوں نے اپنے ٹی وی کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ ’دی ریئل ورلڈ‘ میں ایک ہم جنس پرست مسیحی کے طور پر سامنے آئے تھے۔میلوری نے اپنے مذہبی تجربات کے بارے میں بات کرتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہیں خوابوں میں ایسے مناظر دکھائی دیتے تھے جنہیں وہ اپنی زندگی میں گناہ اور روحانی کشمکش سے جوڑتے تھے۔ ان کے مطابق، جب بھی وہ اپنی سابقہ زندگی کی طرف واپس جاتے تو انہیں گاڑی چوری ہونے یا گاڑی کے پیچھے کی جانب پھسلنے جیسے ڈراؤنے خواب آتے تھے۔
ڈیوس میلوری ’دی ریئل ورلڈ: ڈینور‘ کے سیزن 18 میں نظر آئے تھے، جبکہ انہوں نے ’دی چیلنج‘ کے تین سیزنز میں بھی حصہ لیا، جن میں ’انفرنو 3‘، ’ڈیوئل II‘ اور ’رائیولز‘ شامل ہیں۔ریئلٹی ٹی وی میں اپنے سفر کے دوران میلوری نے اپنی جنسی شناخت اور ایک قدامت پسند خاندان میں اپنی زندگی کے تجربات کے بارے میں بھی متعدد مواقع پر گفتگو کی تھی
