امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے ایک جنگی ہیلی کاپٹر نے خلیج عمان میں ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرنے والے ایک کارگو بحری جہاز پر میزائل داغے ہیں تاکہ اس کا اسٹیرنگ سسٹم ناکارہ بنایا جا سکے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے جاری کردہ ایک آفیشل بیان کے مطابق، منگل کے روز امریکی ایم ایچ-60 ہیلی کاپٹر نے پاناما کے پرچم بردار جہاز ’ایم وی ویلا نووا‘ نامی تجارتی جہاز کے انجن روم پر دو ہیلفائر میزائل فائر کیے،یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب جہاز کے سویلین عملے نے امریکی افواج کی طرف سے دی جانے والی بار بار کی وارننگ کو نظر انداز کیایہ بحری جہاز اب ایران کی طرف سفر نہیں کر رہا، تاہم بیان میں کسی جانی نقصان یا زخمیوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ایران نے اس واقعے پر اب تک کوئی باقاعدہ تبصرہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا 28 فروری کو اپنے اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی جانے والی جنگ کو ختم کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد سے ایرانی بندرگاہوں کی سخت ناکہ بندی کر رہا ہے اس کے جواب میں تہران نے اسرائیل اور خلیج میں امریکی اتحادی ممالک پر جوابی حملے کیے اور دنیا میں تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستے، آبنائے ہرمز کو بھی عملی طور پر بند کر دیا ہے۔
