Baaghi TV

جیفری ایپسٹین کے خلاف گواہی دینے والی لاپتہ ماڈل بازیاب

نیویارک: اطالوی نژاد سابق ماڈل ایلیسبیٹا فیریٹو ، جو بدنام زمانہ مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات لگانے والی ابتدائی خواتین میں شامل رہی ہیں، کو لاپتہ ہونے کے بعد بحفاظت تلاش کر لیا گیا ہے۔

اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ فیریٹو نے 22 اپریل کو اچانک اپنے اہل خانہ سے رابطہ منقطع کر دیا تھا، جس کے بعد ان کے خاندان میں شدید تشویش پھیل گئی۔ وہ اس سے قبل روزانہ اپنی والدہ اور دیگر اہل خانہ سے رابطے میں تھیں، تاہم اچانک فون کالز کا جواب دینا بند کر دیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی غیر فعال کر دیے۔فیریٹو کے اہل خانہ نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انہیں لاپتہ قرار دے کر رپورٹ درج کروائی۔ اس کے بعد اطالوی وزارت خارجہ نے امریکی حکام کے ساتھ مل کر تلاش کا عمل شروع کیا۔ بالآخر تصدیق کی گئی کہ وہ امریکا میں محفوظ ہیں۔اطالوی نیم فوجی پولیس فورس نے بھی منگل کے روز ان کی بحفاظت بازیابی کی تصدیق کی، جس کے بعد اہل خانہ نے سکھ کا سانس لیا۔

فیریٹو نے 2019 میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے ہولناک واقعے کی تفصیلات بیان کی تھیں۔ ان کے مطابق 2004 میں ایک ایجنٹ نے انہیں نیویارک میں ایپسٹین کے گھر بھیجا، یہ کہہ کر کہ اس ملاقات سے انہیں معروف برانڈ وکٹوریہ سیکرٹ کے طور پرماڈلنگ کا موقع مل سکتا ہے۔تاہم ملاقات کے دوران صورتحال یکسر بدل گئی۔ فیریٹو کے مطابق ایپسٹین نے اچانک نامناسب رویہ اختیار کیا اور ان کے سامنے کپڑے اتارنے لگا۔فیریٹو نے کہا، "میں نے سوچا کہ وہ مساج کرنے کی تیاری کر رہا ہے، اور کوئی کمرے میں آکر اسے مساج دینے والا ہے۔”ایپسٹین نے پھر اسے قریب آنے کو کہا اور اسے ایک جنسی کھلونا دیا۔فیریٹو نے بتایا “میں خوف سے ساکت ہو گئی، پھر میں نے وہ چیز اٹھا کر اس کے سر کی طرف پھینکی اور وہاں سے بھاگ نکلی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک خاتون نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس کی شکل مشہور برطانوی سماجی شخصیت گھسلین میکسویل سے ملتی جلتی تھی۔ اس خاتون نے انہیں دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ وہ اس جگہ سے یوں نہیں جا سکتیں کیونکہ “یہ شخص بہت اہم ہے اور سابق امریکی صدر کا دوست ہے۔”

واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین پر کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال اور اسمگلنگ کے سنگین الزامات ثابت ہو چکے تھے، جس کے بعد وہ عالمی سطح پر بدنام ہو گیا تھا۔ اس کیس میں کئی بااثر شخصیات کے نام بھی سامنے آئے تھے۔اگرچہ فیریٹو کے اچانک لاپتہ ہونے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، تاہم ان کی بحفاظت واپسی ایک اہم پیش رفت ہے۔ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ماضی کے انکشافات نے ایک بار پھر ایپسٹین اسکینڈل کو خبروں میں لا کھڑا کیا ہے۔

More posts