Baaghi TV


کراچی کارگو طیارہ حادثہ، سمندر سے مزید ملبہ برآمد، بلیک باکس اور عملے کی تلاش جاری

‎کراچی کے قریب نجی کارگو طیارے کے حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے، جبکہ سمندر سے طیارے کا مزید ملبہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بلیک باکس اور لاپتا عملے کی تلاش کے لیے جدید فضائی اور بحری وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات تک جلد از جلد پہنچا جا سکے۔
‎پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق حادثے کے بعد برآمد ہونے والے ملبے کو مزید تکنیکی اور فرانزک تجزیے کے لیے بیورو آف ائیرکرافٹ سیفٹی انویسٹیگیشن کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ماہرین اس ملبے کا جائزہ لے کر حادثے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کریں گے۔
‎حکام کے مطابق تاحال طیارے کا بلیک باکس اور عملے کے پانچوں لاپتا ارکان نہیں مل سکے، جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دن رات جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی مشترکہ طور پر گہرے سمندر میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
‎ترجمان پی اے اے نے بتایا کہ جدید فضائی نگرانی، بحری جہازوں اور خصوصی سرچ آلات کی مدد سے وسیع علاقے میں تلاش کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر مسلسل سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ بلیک باکس اور لاپتا عملے کا جلد سراغ لگایا جا سکے۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ حادثے کی تحقیقات بھی جاری ہیں اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔
‎پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ جیسے ہی تحقیقات یا سرچ آپریشن میں کوئی اہم پیش رفت سامنے آئے گی، عوام اور میڈیا کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

More posts