کراچی: ایم کیو ایم پاکستان میں حالیہ اختلافات کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جبکہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مشترکہ پریس کانفرنس کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں رہنماؤں کے اجلاس کے بعد پارٹی کے دو گروپوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔ اس دوران ایم پی اے اعجاز الحق، رہنما ذاکر اور دوسرے گروپ کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے الزام عائد کیا تھا کہ مخالف گروپ کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ان کا ایک کارکن زخمی ہوا، جبکہ پتھراؤ کے باعث بھی متعدد کارکنان زخمی ہوئے۔تاہم تازہ پیش رفت کے مطابق ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کے رہنماؤں کے درمیان رابطے بحال ہو چکے ہیں اور اختلافات ختم کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں دونوں گروپوں کی مشترکہ پریس کانفرنس متوقع ہے، جس میں موجودہ صورتحال، اختلافات کے حل اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل سے متعلق اہم اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت اختلافات کو بات چیت کے ذریعے ختم کرکے تنظیمی اتحاد برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
