Baaghi TV

نادرا کا چِپ کے بغیر نیا قومی شناختی کارڈ متعارف

nadra

‎نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی نادرا نے قومی شناختی کارڈ کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے پاکستان میں تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی نیا شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔ نئے کارڈ میں درآمدی مائیکرو چِپ استعمال نہیں کی جائے گی بلکہ اس کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے۔
‎نادرا کی جانب سے یہ اقدام خود انحصاری اور مقامی سطح پر شناختی کارڈ کی تیاری کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ نیا شناختی کارڈ پولی کاربونیٹ مٹیریل سے پاکستان میں تیار کیا گیا ہے، جس میں شناخت کی تصدیق کے لیے جدید کیو آر کوڈ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
‎نئے شناختی کارڈ کا کیو آر کوڈ عام اسمارٹ فون کے ذریعے بھی پڑھا جا سکے گا، جبکہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے کارڈ کی تصدیق کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی شناخت سے متعلق ضروری معلومات اور تصویر شامل ہوگی، جس سے مختلف اداروں میں شناختی معلومات کے اندراج اور تصدیق کے عمل کو آسان بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
‎نادرا کے نئے نظام کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، اسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کے لیے ضروری سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مختلف سرکاری اور نجی خدمات میں شناخت کی فوری تصدیق ممکن ہو سکے گی۔
‎نئے قومی شناختی کارڈ پر خاندان نمبر کے علاوہ معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضا عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے مخصوص نشانات بھی شامل کیے جائیں گے۔ کارڈ ہولڈر کا نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔
‎کیو آر کوڈ پر مبنی نیا شناختی کارڈ 14 اگست سے موجودہ چِپ کے بغیر ٹیسلن شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔ جنوری 2027 سے یہ نظام نائیکوپ اور جووینائل کارڈ سمیت قومی شناختی کارڈ کی دیگر اقسام تک بھی توسیع پائے گا۔
‎آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ کو بھی موجودہ نظام سے تبدیل کرکے چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے کارڈ میں منتقل کرنے کا منصوبہ ہے

More posts