Baaghi TV

ننکانہ،گیس بحران سنگین، ایل پی جی بلیک میں 440 روپے کلو تک فروخت

ننکانہ صاحب (احسان اللہ ایاز باغی ٹی وی نامہ نگار )

ننکانہ صاحب اور گردونواح میں گیس بحران سنگین، ایل پی جی بلیک میں 440 روپے کلو تک فروخت، گیس مافیا اور انتظامیہ کے سامنے شہری بے بس
ننکانہ صاحب اور اس کے گردونواح میں سوئی گیس کی طویل بندش، عدم دستیابی اور شدید کم پریشر نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ کئی علاقوں میں گزشتہ 6 ماہ سے گیس کی فراہمی معطل ہے جبکہ متعدد آبادیوں میں کئی روز سے گیس مکمل بند ہے۔ جن علاقوں میں گیس کی آمد ہوتی بھی ہے، وہاں پریشر انتہائی کم ہونے کے باعث خواتین کو کھاناکی تیاری اور گھریلو امور میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری متبادل کے طور پر ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہیں، تاہم وہاں بھی گرانفروشی کا بازار گرم ہے۔ حکومت اور اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں 4 روپے 33 پیسے فی کلو اضافے کے بعد نئی سرکاری قیمت 258 روپے 65 پیسے فی کلو مقرر کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں اس پر عملدرآمد ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ننکانہ صاحب اور نواحی علاقوں میں ایل پی جی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں اور دکاندار من مانے دام وصول کرتے ہوئے 400 سے 440 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں اس صورتحال پر مقامی ایل پی جی دکانداروں کا موقف ہے کہ انہیں پلانٹس، ہول سیلرز اور سپلائرز کی طرف سے ہی گیس سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث وہ مقررہ سرکاری ریٹ پر فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔شہریوں نے گلہ کیا ہے کہ ایک طرف سوئی گیس کے بھاری بل موصول ہو رہے ہیں اور دوسری طرف مہنگی ایل پی جی کی خرید ان کے لیے معاشی عذاب بن چکی ہے۔ اہل ننکانہ نے اعلیٰ حکام، اوگرا اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کا پریشر اور فراہمی فوراً بحال کی جائے اور ایل پی جی کی کی مقررہ ریٹ پر فراہمی یقینی بنائی جائے گرانفروشوں اور من مانی کرنے والے سپلائرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

More posts