Baaghi TV

نواز شریف کا رویہ نہ صرف غیر سنجیدہ بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے،شرجیل میمن

sharjeel

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے (ن) لیگ کے قائد نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

شرجیل میمن نے نواز شریف کے بیان پر ردِعمل میں کہا کہ نواز شریف صاحب! سیاست ہوتی رہے گی، سندھ اور کشمیر کی سرزمین اور عوام کو طنز و مزاح کا موضوع مت بنائیں،انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں، سابق وزیر اعظم کا یہ رویہ نہ صرف غیر سنجیدہ بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے،کسی بھی شہر یا ضلع کا نام سیاسی تقریر میں مذاق یا تقابل کے انداز میں استعمال کرنا شعوری پسماندگی ہے، اگرچہ نواز شریف نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ تلخی نہیں ہونی چاہیے‘ لیکن ان کے اپنے الفاظ ہی سیاسی تلخی اور غیر ضروری تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔

واضح رہے کہ میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا ، یہ میر پور ہے ، میر پور خاص نہیں ہے،نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ بلاول برخوردار بات کا بُرا نہ ماننا ، پارٹیوں میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر لڑائی اور مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔

More posts