نیپال میں حالیہ بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں ریسکیو اہلکاروں نے ہائیڈرو پاور منصوبے کی سرنگ سے 9 روز بعد 2 افراد کو زندہ نکال لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گلیشیئر ٹوٹنے کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے نیپال میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس سے انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ انفرا اسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔رپورٹس کے مطابق سیلاب کے بعد جاری ریسکیو آپریشن کے دوران ہائیڈرو پاور منصوبے کی ترشولی تھری اے سرنگ سے 2 افراد کو 9 روز بعد بحفاظت زندہ نکال لیا گیا، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔نیپالی رکن پارلیمنٹ کے مطابق سرنگ میں مزید افراد کے زندہ موجود ہونے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تباہ کن سیلاب کے باعث ہائیڈرو پاور منصوبوں کی مختلف سرنگوں میں کم از کم 900 افراد پھنس گئے تھے، جن کی تلاش اور ریسکیو کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیپال میں سیلاب اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے اب تک 1,252 افراد ہلاک جبکہ 4,200 سے زائد لاپتا ہیں۔ دوسری جانب تبت میں بھی سیلاب کے باعث 21 افراد ہلاک اور 541 لاپتا ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لاپتا افراد کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔
