نیویارک میں میئر زہران ممدانی کے ہم شکل افراد کے درمیان دلچسپ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں 9 افراد نے شرکت کی۔
اتوار کے روز ہونے والے اس مقابلے میں ایماڈیو فسکا نے عوام کی پسندیدگی حاصل کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔ انہوں نے سوٹ کے نیچے این بی اے چیمپئن نیویارک نِکس کی جرسی پہن رکھی تھی، جبکہ ان کا ہیئر اسٹائل اور داڑھی بھی زہران ممدانی سے خاصی مشابہ تھی۔ مقابلے کے فاتح کو 100 ڈالر انعام دیا گیا۔
مقابلے میں شریک تمام افراد نے زہران ممدانی کے مخصوص انداز کو اپنے اپنے طریقے سے اپنانے کی کوشش کی۔ کئی شرکا نے ممدانی جیسی داڑھی بنائی، جبکہ بعض نے ان کے 2025 کی انتخابی مہم کے دوران پہنے گئے ملبوسات اور اسٹائل کو اپنایا۔
شرکا میں کچھ افراد نے بھورے سوٹ، سرخ و سیاہ ڈیزائن والی ٹائیاں، ڈریس شوز، گہرے نیلے اور سیاہ رنگ کے سوٹس اور سلور رنگز پہن کر ممدانی کا روپ دھارنے کی کوشش کی۔
ایک شریک نے شرٹ کے بغیر صرف ایپرن پہن کر مقابلے میں حصہ لیا، جو زہران ممدانی کی جانب سے 2019 میں بنائی گئی ایک ریپ میوزک ویڈیو کی جانب اشارہ تھا۔ مقابلے نے شرکا کے منفرد انداز اور ممدانی سے مشابہت کے باعث عوام کی توجہ حاصل کی۔
