Baaghi TV

ایران نے مذاکرات کیلئے پاکستان کو ترجیحی مقام قرار دے دیا

iran markazi bank

‎امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود سفارتی سطح پر پیش رفت جاری ہے اور اطلاعات ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ جلد اسلام آباد میں منعقد ہو سکتا ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں امن کی کوششوں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔
‎غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، تاہم امریکا کی جانب سے حتمی مؤقف ابھی واضح نہیں ہے۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کا دوسرا دور ہوتا ہے تو پاکستان ہی ترجیحی مقام ہوگا۔
‎رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے وفود رواں ہفتے دوبارہ اسلام آباد پہنچ سکتے ہیں تاکہ جاری امن مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اس حوالے سے پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی اس امکان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور اسی ہفتے یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے۔
‎دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان پہلے ہی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کر چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اہم مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‎ماہرین کے مطابق پاکستان کا بطور ثالث کردار عالمی سطح پر اہمیت اختیار کر چکا ہے اور اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو نہ صرف خطے میں کشیدگی کم ہو سکتی ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کے باوجود مذاکرات کا جاری رہنا ایک مثبت اشارہ ہے اور اس سے کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

More posts