Baaghi TV

‎قانون توڑنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، طلال چوہدری

‎اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، چاہے وہ کراچی کا ہو یا لاہور کا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت جرائم، منشیات اور دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گی۔
‎ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بعض ارکان نے کراچی میں منشیات کے ایک مبینہ کردار کا ذکر کیا، تاہم حکومت کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ جو بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوگا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
‎انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد انسداد منشیات کے بیشتر معاملات صوبوں کے دائرہ اختیار میں آ چکے ہیں، اس لیے صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی انسداد منشیات فورسز قائم کریں اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کریں۔
‎وزیر مملکت نے بتایا کہ وزیراعظم کی منظوری سے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) میں مزید 500 اہلکار بھرتی کیے جائیں گے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا سکیں۔
‎طلال چوہدری نے دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں صوبوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں 75 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں 1890 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ بڑی تعداد افغان شہریوں پر مشتمل تھی۔
‎انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردی کے 95 فیصد واقعات خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پیش آئے، جن میں 783 شہری شہید اور 1767 افراد زخمی ہوئے۔
‎اپنی تقریر کے اختتام پر طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا اسمارٹ سٹی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کی جدید جیل بھی تعمیر کی جا رہی ہے، جہاں خواتین اور بچوں کے لیے بھی الگ اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

More posts