لاہور ہائیکورٹ نے نورین نیازی کو گرفتار کرنے سے روک دیا، ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی
لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن نورین نیازی کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے نورین نیازی کی ایک ہفتے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے درج مقدمے کے باعث متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرنے سے قبل گرفتاری کا خدشہ ہے، لہٰذا حفاظتی ضمانت دی جائے۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے نورین نیازی کو ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت فراہم کر دی اور حکم دیا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہو کر قانونی کارروائی مکمل کریں۔
