اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی ہمشیرہ نورین نیازی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جو قریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔
میڈیا رپورٹس مطابق ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، جس دوران عمران خان کی صحت سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی،نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپریم کورٹ کے حالیہ حکم سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات کے بعد نورین نیازی داہگل ناکے پہنچیں، جہاں میڈیا نمائندوں نے ان سے گفتگو کی کوشش کی تاہم انہوں نے تفصیلی بات چیت سے گریز کیا،صحافی کے سوال پر نورین نیازی نے صرف ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات ہوگئی ہے،بعد ازاں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی نورین نیازی کی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئیں۔
عمران خان کی تینوں بہنیں اڈیالہ روڈ پر پہنچی تھیں علیمہ خان نے داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی ایک بہن کی عمران خان سے ملاقات ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے رکھا ہے،عدالت نے عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور انہیں سخت سیکیورٹی میں اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے،عدالتی حکم کے مطابق اسپتال میں عمران خان کے ہمراہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی ہوں گے، اخراجات عمران خان کی فیملی خود برداشت کرے گی جبکہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائیگی۔
