لندن: یورپ کی سب سے بڑی سڑکوں پر منعقد ہونے والی تقریبات میں شمار ہونے والا نوٹنگ ہِل کارنیول لندن میں جاری ہے، جس میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ میٹروپولیٹن پولیس نے اتوار کے روز 169 افراد کو گرفتار کرلیا۔
میٹ پولیس کے مطابق کارنیول کے دوران منشیات اور اسلحہ رکھنے، حملوں اور جنسی جرائم سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات میں گرفتاریاں عمل میں آئیں، تاہم مجموعی طور پر تقریب کا ماحول ’’انتہائی مثبت اور جشن سے بھرپور‘‘ رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے کی تقریب میں بعض واقعات کا پیش آنا متوقع تھا، تاہم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سنگین نوعیت کے تشدد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔کارنیول کی سکیورٹی پر مامور کمانڈر کلیئر اسمارٹ نے کہا کہ پولیس کی جانب سے فعال کارروائیوں اور بڑی تعداد میں اہلکاروں کی تعیناتی کے نتیجے میں تقریب میں سنگین تشدد کی سطح کم کرنے میں مدد ملی ہے، تاہم پولیس کسی بھی صورت غافل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرکا کے بحفاظت منتشر ہونے تک علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات رہیں گے، جبکہ رات بھر بھی سکیورٹی جاری رکھی جائے گی۔ پولیس ان عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی جو اکثریت کی خوشیوں کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
میٹ پولیس نے رواں سال بینک ہالیڈے ویک اینڈ کے دوران مغربی لندن میں 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کارنیول کے دوران چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 2025 میں نوٹنگ ہِل کارنیول کے دو اہم دنوں کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر 528 افراد کو گرفتار کیا تھا، جبکہ 2024 میں کارنیول کے دوران چاقو زنی کے 8 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جن میں 32 سالہ ماں چیر میکسیمن کا قتل بھی شامل تھا۔نوٹنگ ہِل کارنیول میں کیریبین ثقافت کو اجاگر کیا جاتا ہے اور اس سال اس کی 60ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ تقریب میں پریڈ، لائیو میوزک، اسٹریٹ فوڈ اور مختلف میوزک ساؤنڈ اسٹیجز شامل ہیں۔
