ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک ایک لاکھ 23 ہزار 684 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
حکام کے مطابق سعودی عرب پہنچنے والے عازمین پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا تقریباً 69 فیصد بنتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 97 ہزار سے زائد جبکہ 26 ہزار سے زیادہ نجی اسکیم کے عازمین سعودی عرب میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری حج اسکیم کے تقریباً 81 فیصد عازمین اب تک سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
آج مزید 6 ہزار 643 پاکستانی عازمین 26 مختلف پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوں گے، جبکہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکھر سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے حج پروازیں 21 مئی تک جاری رہیں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سیکریٹری مذہبی امور کے ہمراہ جلد پاکستان حج مشن کا دورہ کریں گے، جہاں وہ جاری انتظامات اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
اس دوران وفاقی وزیر مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی رہائشی عمارتوں کا بھی دورہ کریں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کی خدمت کیلئے معاونین حج، میڈیکل ٹیمیں اور فیلڈ اسٹاف مکمل طور پر متحرک ہیں۔
حج مشن کی جانب سے عازمین کو رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ آسانی اور اطمینان کے ساتھ عبادات ادا کر سکیں۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ میں موجود ہزاروں پاکستانی عازمین حج کی تیاریوں اور عبادات میں مصروف ہیں، جبکہ مدینہ منورہ سے عازمین کی مکہ مکرمہ منتقلی کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
