Baaghi TV

پابندی کے باوجود باجے بجنے سے سخت پریشانی،سٹالز پر رش

قصور
پابندی کے باوجود باجے بجنے سے شہری پریشان، جشن آزادی کے سامان کے سٹالز پر رش

قصور میں جشن آزادی کی آمد کے موقع پر قصور شہر اور گردونواح میں قومی جوش و جذبہ عروج پر پہنچ گیا ہے، تاہم دوسری جانب باجے بجانے پر پابندی کے باوجود مختلف علاقوں میں باجوں کا استعمال جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف مقامات اور گلی محلوں میں بچے اور نوجوان باجے بجا رہے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر مسلسل اور تیز آواز میں باجے بجنے سے بزرگوں، خواتین، بچوں اور دیگر شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پابندی پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ جشن آزادی کی خوشیاں دوسروں کے لیے اذیت کا باعث نہ بنیں

دوسری جانب جشن آزادی کے حوالے سے قصور شہر اور گردونواح میں گہماگہمی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر کے مختلف بازاروں اور اہم شاہراہوں پر پاکستانی پرچم، سبز ہلالی جھنڈیوں، بیجز، قومی پرچموں والی ٹوپیوں اور دیگر جشن آزادی کے سامان کے سٹالز سج گئے ہیں

سٹالز پر بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے پہنچ رہی ہے۔ شہری قومی پرچم، جھنڈیاں اور بیجز خرید کر اپنے گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجا رہے ہیں۔ خصوصاً بچے اور نوجوان جشن آزادی کے حوالے سے مختلف اشیاء کی خریداری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں

دکانداروں کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کے قریب آتے ہی قومی پرچم اور دیگر اشیاء کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور شہری بڑی تعداد میں خریداری کے لیے سٹالز کا رخ کر رہے ہیں

شہریوں نے کہا کہ وطن عزیز سے محبت ہر پاکستانی کے دل میں موجود ہے اور جشن آزادی منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قومی پرچم لہرایا جائے، وطن کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی جائے اور قانون و ضابطے کی پابندی کرتے ہوئے آزادی کی خوشیاں منائی جائیں

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر قومی جوش و جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے باجے بجانے سمیت شور شرابے کی پابندی پر بھی مؤثر عملدرآمد کرایا جائے تاکہ شہری پُرامن ماحول میں یوم آزادی کی خوشیاں منا سکیں

More posts