راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے 1000ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں میدان میں اتر کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا جانے والا سیریز کا پہلا ون ڈے میچ قومی ٹیم کا 1000واں ون ڈے میچ ہے۔ اس اعزاز کے ساتھ پاکستان دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار میچز مکمل کیے ہیں۔اس سے قبل صرف بھارت اور آسٹریلیا ہی یہ سنگِ میل عبور کر چکی تھیں۔
قومی ٹیم کے گزشتہ 999 ون ڈے میچز کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان نے 527 میچز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ 442 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ 9 میچز ٹائی ہوئے اور 12 مقابلے بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں کئی یادگار فتوحات اپنے نام کیں، تاہم ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ قومی ٹیم اب تک ون ڈے اننگز میں 400 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکی۔ پاکستان کا سب سے بڑا ون ڈے اسکور 399 رنز ہے، جبکہ کم ترین مجموعہ صرف 43 رنز رہا ہے۔کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ 1000 ون ڈے میچز مکمل کرنا پاکستان کرکٹ کی طویل اور شاندار تاریخ کا مظہر ہے، اور یہ سنگِ میل قومی ٹیم کے عالمی کرکٹ میں نمایاں کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
