پاکستان برج فیڈریشن کے انتخابات مکمل،سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان پاکستان برج فیڈریشن کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے
الیکشن کمیشن پاکستان اسپورٹس بورڈ ے تحت پاکستان برج فیڈریشن کے انتخابات کامیابی سے مکمل کر لیے گئے، جس میں اہم عہدوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 17 اپریل 2026 کو جاری کردہ انتخابی شیڈول اور 29 اپریل 2026 کو امیدواروں کی حتمی فہرست کے اجرا کے بعد آج 2 مئی کو انتخابات منعقد ہوئے۔سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان بلامقابلہ صدر، ارسلان منصور بلامقابلہ سیکرٹری جنرل ،سید علی عمران خزانچی منتخب ہوئے ہیں،پاکستان برج فیڈریشن کے یہ انتخابات پاکستان اسپورٹس بورڈ کے آئین 2022، نظرثانی شدہ نیشنل اسپورٹس پالیسی 2005، نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز (مدت) رولز 2025 اور اسپورٹس الیکشن ریگولیشنز پاکستان 2024 کے تحت منعقد کیے گئے۔
سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان و دیگر نو منتخب عہدیداران کو برج فیڈریشن کے اراکین نے مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ تمام نو منتخب عہدیداران پنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے پاکستان میں برج کے کھیل کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔
پاکستان برج فیڈریشن کے نومنتخب صدر مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ بطور صدر وہ نوجوانوں کو اس کھیل کی طرف لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کریں گے۔پاکستان میں برج کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے فیڈریشن پہلے سے زیادہ منظم ہو کر کام کرے گی ہم کوشش کریں گے کہ تمام کھلاڑیوں کو موقع دیں اور نئے لوگ بھی اس کھیل کی جانب راغب ہوں۔
واضح رہے سینئر صحافی مبشر لقمان دوسری بار پاکستان برج فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے ہیں،گزشتہ انتخابات میں بھی تین برس کے لئے وہ پاکستان برج فیڈریشن کے صدر رہ چکے ہیں،مبشر لقمان برج کے انٹرنیشنل فیسٹول میں بھی شرکت کر چکے ہیں اردن میں ہونے والے فیسیٹول میں باغی ٹی وی کی ٹیم کی قیادت مبشر لقمان نے کی تھی ٹیم نے فیسٹول میں متعدد ایوارڈز حاصل کیے تھے اور کامیابیاں سمیٹی تھیں اس سے قبل پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے برج کے ٹورنامنٹ میں باغی ٹی وی کی ٹیم نے حصہ لیا تھا جس میں مبشر لقمان کی قیادت میں ٹیم نے نمایاں کامیابی حاصل کی تھی، مبشر لقمان کی ہی صدارت کے دوران پنجاب کےصوبائی دارالحکومت لاہور میں برج کا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ بھی مقامی ہوٹل میں منعقدہوا تھا

