اسلام آباد:پاکستان کے معیاری وقت سے متعلق قانون میں تاریخی ترمیم، دہائیوں پرانی جی ایم ٹی سے ساڑھے پانچ گھنٹے آگے کی شق ختم کردی گئی ہے۔
پارلیمنٹ نے ’اسٹینڈرڈ ٹائم (انٹرپریٹیشن آف ریفرنسز) (ترمیمی) بل 2026‘ منظور کرلیا، جس کے تحت پاکستان کا قانونی معیاری وقت اب گرین وچ مین ٹائم (GMT) سے 5 گھنٹے آگے یعنی UTC+5 ہوگا۔
یہ بل قومی اسمبلی سے 11 مئی جبکہ سینیٹ سے 18 اگست کو منظور ہوچکا ہے اور اب صدرِ مملکت کی منظوری کا منتظر ہے۔
حکام کے مطابق ترمیم کے ذریعے 1943 کے اسٹینڈرڈ ٹائم آرڈیننس کی متعلقہ شق سے ’’اور نصف‘‘ کے الفاظ حذف کیے گئے ہیں۔ اس طرح قانون میں درج وقت اور ملک میں کئی دہائیوں سے عملی طور پر رائج معیاری وقت کے درمیان موجود تضاد ختم ہوجائے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس قانونی ترمیم سے شہریوں کی گھڑیوں کے وقت، دفتری اوقات یا روزمرہ معمولات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ پاکستان 1951 سے عملی طور پر UTC+5 کے مطابق ہی وقت استعمال کر رہا ہے۔
صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد ترمیم شدہ شق باضابطہ طور پر ملکی قانونی فریم ورک کا حصہ بن جائے گی۔
