لاہور:درسی کتب کی اشاعت پر تنازع شدت اختیار کرگیا، نجی پبلشرز نے پیکٹا کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
نجی پبلشرز نے درسی کتب تیار کرکے انہیں اپنے نام سے شائع کرنے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پیکٹا کو قانونی نوٹس ارسال کردیا، جس کے بعد ادارے کے حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پبلشرز کی جانب سے بھیجے گئے توہینِ عدالت کے لیگل نوٹس میں 2015 کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا ہے۔ پی سی ٹی بی کی جانب سے مذکورہ فیصلے کے خلاف دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیل بھی 2016 میں لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کردی تھی۔
لیگل نوٹس میں پیکٹا کو ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے 7 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت میں معاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں نجی پبلشرز عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں پیکٹا کو قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیکٹا 2027 میں پہلی سے پانچویں جماعت تک نئے نصاب کے مطابق درسی کتب تیار کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے، تاہم نجی پبلشرز کے قانونی نوٹس کے بعد ان کتابوں کی تیاری اور اشاعت کے عمل پر قانونی سوالات اٹھ گئے ہیں۔
پبلشرز کا مؤقف ہے کہ عدالت کے سابقہ فیصلوں کی روشنی میں درسی کتب کی تیاری اور اشاعت کے حوالے سے قانونی تقاضوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ دوسری جانب پیکٹا حکام کو نوٹس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے تعین کا سامنا ہے۔
