Baaghi TV

بھارت میں صدیوں پرانی مسجد کا انہدام ہندوتوا مہم کا ثبوت ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے بھارت کی ریاست اترپردیش کے علاقے سہارنپور میں صدیوں پرانی مسجد کے انہدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی اقدام کو ہندوتوا مہم کا ایک اور ثبوت قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر نے اپنے بیان میں کہا کہ سہارنپور میں تاریخی مسجد کا انہدام قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عبادت گاہ کو مسمار کرنا اسلامی ورثے کو مٹانے کی وسیع تر ہندوتوا مہم کا ایک اور ثبوت ہے۔

سجاد حیدر کا کہنا تھا کہ متعصب ہندوتوا نظریے کی بھیانک علامت 1992 میں بابری مسجد کا انہدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اور مذہبی ورثے سے جڑے مقامات کے خلاف اس طرح کے اقدامات تشویش کا باعث ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مسلمانوں کے خلاف مبینہ ظلم و ستم اور سرکاری سرپرستی میں عبادت گاہوں کی مبینہ تباہی کا نوٹس لے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو تمام اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے اور اقلیتوں کے مذہبی و بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

More posts