Baaghi TV

پاکستان آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا: شازیہ مری

shazia

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہر قطرۂ آب اور سندھ طاس معاہدے کے تحت حاصل تمام آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، کیونکہ پانی زندگی ہے، اسے کسی صورت ہتھیار نہیں بنایا جا سکتا۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ آبی گزرگاہوں کو سیاسی دباؤ یا جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا نہ صرف علاقائی امن بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عالمی برادری نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے کردار ادا کیا، اسی طرح سندھ طاس معاہدے کے تحفظ اور اس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کسی سیاسی رعایت کا نام نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون کے تحت ایک لازمی اور قابل احترام معاہدہ ہے، جسے کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنے آبی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کرے گا۔شازیہ مری نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی معیشت، زراعت اور کروڑوں شہریوں کی زندگی کی شہ رگ ہے، اس لیے آبی تحفظ قومی سلامتی کا بنیادی تقاضا ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی، سفارتی اور بین الاقوامی فورم سے رجوع کرے گا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے موجودہ دور میں مشترکہ دریاؤں کے مؤثر انتظام اور باہمی تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ سرحدی دریاؤں کو سیاسی دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کے رجحان کا فوری نوٹس لے اور اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پاکستان پانی کے تحفظ، ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے اور جدید آبپاشی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا، جبکہ قومی آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ملک میں قومی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کر سکتا۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پاکستان اپنے آبی حقوق کا دفاع بین الاقوامی قانون، سفارت کاری اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں کرے گا اور مذاکرات کو ہمیشہ بین الاقوامی قوانین، معاہدوں کے احترام اور باہمی ذمہ داریوں سے مشروط سمجھتا ہے۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا واحد راستہ انصاف، بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کا احترام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دریائے سندھ آنے والی نسلوں کی امانت ہے، اسے سیاسی دباؤ یا بلیک میلنگ کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے آبی گزرگاہوں کو ہتھیار بنانے کے خلاف مضبوط بین الاقوامی قانونی نظام کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نعرہ "مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں” پاکستان کے آبی حقوق، قومی وقار اور دریائے سندھ کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

More posts