Baaghi TV

‎دفتر خارجہ اور کامسٹیک کے اشتراک سے سائنس کمیونیکیشن اینڈ ڈپلومیسی جرنل کا پہلا شمارہ 2026 جاری

‎پاکستان کے دفتر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے ذیلی ادارے کامسٹیک (COMSTECH) کے اشتراک سے جرنل آف سائنس کمیونیکیشن اینڈ ڈپلومیسی کا سال 2026 کا پہلا شمارہ جاری کر دیا۔ اس موقع پر جرنل کی اشاعت کے دو سال مکمل ہونے کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں سفارت کاروں، سائنس دانوں، ماہرین تعلیم اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔
‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ نے کہا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ صرف اجتماعی تعاون سے ممکن ہے اور سائنس ڈپلومیسی، سائنس اور خارجہ پالیسی کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کو مزید فروغ دینے اور ترقی پذیر ممالک کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی عالمی حکمرانی میں مؤثر شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔
‎کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ کامسٹیک مسلم دنیا کی سائنسی صلاحیتوں کو یکجا کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ جرنل سائنس، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعلقات کے سنگم پر تحقیق اور پالیسی سے متعلق مباحث کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
‎جرنل کے 2026 کے پہلے شمارے میں مجموعی طور پر 11 تحقیقی مضامین شامل کیے گئے ہیں، جن میں سے 7 مضامین وزارت خارجہ کے سفارت کاروں نے تحریر کیے ہیں۔ ادارتی بورڈ، جس کی سربراہی ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کر رہے ہیں، نے تمام مصنفین کو مبارکباد دیتے ہوئے وزارت خارجہ اور کامسٹیک کی ٹیموں کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔
‎وزارت خارجہ کی جانب سے اس شمارے میں مضامین لکھنے والوں میں سفیر آمنہ بلوچ، سفیر ظہور احمد، شکیب رفیق، حشام احمد، عمیر خالد، محمد عدیل، حسن عباس اور صدام شاہ شامل ہیں۔

More posts