Baaghi TV

سیاسی بیانات سے کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی، خواجہ آصف

khwaja asif

‎وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بیانات، دباؤ پر مبنی مؤقف یا اشتعال انگیز بیانیے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔
‎خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ باوقار اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کا حامی رہا ہے، لیکن قومی مفادات پر کوئی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔
‎وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو سیاسی بیانیے اور دباؤ کے ذریعے مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے بیانات نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھاتے ہیں بلکہ امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
‎خواجہ آصف کے مطابق بھارت کی جانب سے متنازع امور کو یکطرفہ سیاسی مؤقف کے ذریعے نئی شکل دینے کی کوششیں کسی صورت حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کی قانونی حیثیت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت طے شدہ ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کا حامی ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب تمام دیرینہ تنازعات کو انصاف اور بین الاقوامی قانون کے مطابق حل کیا جائے۔
‎خواجہ آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سفارتی اور قانونی فورم پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرتا رہے گا۔

More posts