Baaghi TV

پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے پنچز کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے 10 کلو وزن کے ساتھ ایک منٹ میں 38 فل ایکسٹنشن پنچز لگا کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

عرفان محسود نے یہ کارنامہ ایک منٹ کے دوران 10 کلو وزن کے ساتھ 38 فل ایکسٹنشن پنچز مکمل کرکے انجام دیا، جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے اس مقابلے کے لیے 30 پنچز کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ عرفان محسود نے مقررہ ہدف سے 8 پنچز زیادہ لگا کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

عرفان محسود اس سے قبل بھی مختلف مارشل آرٹس اور فٹنس کیٹیگریز میں متعدد عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پش اپس کیٹیگری میں عالمی سطح پر 70 سے زائد ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

گفتگو کرتے ہوئے عرفان محسود نے بتایا کہ انہوں نے 100، 80، 60 اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بھی مختلف عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ ان کے مطابق وہ امریکا، بھارت اور جرمنی سمیت تقریباً 20 ممالک کے عالمی ریکارڈز توڑ چکے ہیں۔

عرفان محسود کا کہنا ہے کہ مسلسل محنت، سخت تربیت اور مستقل مزاجی نے انہیں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے میں مدد دی ہے۔ ان کا تازہ ریکارڈ بھی پاکستانی مارشل آرٹس اور کھیلوں کے میدان میں ایک نمایاں کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts