پاکستان کے لیے طبی اور تعلیمی شعبے میں ایک اہم اعزاز سامنے آیا ہے، جہاں ممتاز ماہرِ نفسیات ڈاکٹر عائشہ میاں کو بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت سے متعلق دنیا کی معروف تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ سائیکائٹری اینڈ الائیڈ پروفیشنز (IACAPAP) کی 2026 سے 2030 کی مدت کے لیے صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 1937 میں ادارے کے قیام کے بعد ڈاکٹر عائشہ میاں اس عالمی تنظیم کی قیادت سنبھالنے والی پہلی پاکستانی اور پہلی جنوبی ایشیائی شخصیت ہیں۔ ان کا انتخاب ذہنی صحت، طبی تعلیم، تحقیق اور بچوں و نوجوانوں کی نفسیاتی خدمات کے فروغ کے لیے ان کی طویل عرصے پر محیط خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پذیرائی کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
ڈاکٹر عائشہ میاں آغا خان یونیورسٹی کی گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے امریکا کی یونیورسٹی آف ٹیکساس اور بیلر کالج آف میڈیسن میں تدریسی اور تحقیقی خدمات بھی انجام دیں، جہاں انہوں نے بچوں اور نوعمر افراد کی ذہنی صحت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سال 2013 میں پاکستان واپسی کے بعد انہیں آغا خان یونیورسٹی میں فاؤنڈنگ ڈین آف اسٹوڈنٹ ایکسپیرینس اور شعبۂ نفسیات کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا۔ اسی دوران انہوں نے پاکستان کا پہلا چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ سائیکائٹری فیلوشپ ٹریننگ پروگرام بھی قائم کیا، جسے ملک میں اس شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
اس وقت ڈاکٹر عائشہ میاں سائنیپس، پاکستان نیوروسائنس انسٹیٹیوٹ کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں، جہاں وہ شواہد پر مبنی طبی خدمات، جدید تحقیق، ماہرین کی تربیت اور ذہنی صحت سے متعلق عوامی آگاہی کے ذریعے پاکستان میں ذہنی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ IACAPAP دنیا بھر میں بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ کے لیے کام کرنے والی سب سے معتبر تنظیموں میں شمار ہوتی ہے۔ اس ادارے کی صدارت کسی بھی ماہرِ نفسیات کے لیے ایک غیر معمولی اعزاز تصور کی جاتی ہے، اور ڈاکٹر عائشہ میاں کا اس منصب پر منتخب ہونا عالمی طبی برادری میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستانی ماہرِ نفسیات ڈاکٹر عائشہ میاں عالمی تنظیم کی پہلی پاکستانی صدر منتخب
