اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ امن معاہدے کی پیش رفت میں پاکستان کے مثبت اور مصالحتی کردار کے نتیجے میں ملک کے لیے معاشی بہتری اور بین الاقوامی سطح پر ساکھ میں اضافے کے امکانات نمایاں ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ میں کمی اور امن کی جانب پیش رفت سے پاکستان کا عالمی تشخص مزید مضبوط ہوا ہے، جبکہ ملک کو سفارتی کامیابی کے ساتھ ساتھ معاشی فوائد حاصل کرنے کا بھی موقع ملا ہے۔رپورٹ کے مطابق جو ممالک خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے حل میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں، وہ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ قابلِ اعتماد اور پرکشش بن جاتے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے علاقائی استحکام کے فروغ اور متوازن خارجہ پالیسی نے بین الاقوامی برادری میں اس کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ترقی پر مبنی معاشی ایجنڈا، سیاسی استحکام اور امن کے فروغ کی پالیسی پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک موزوں مقام بنا سکتی ہے۔ امن و استحکام کی بہتر ہوتی ہوئی ساکھ نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گی بلکہ تجارت، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔رائٹرز کے مطابق پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دے کر معاشی اور دفاعی شراکت داری کو فروغ دے سکتا ہے، جس سے ملکی معیشت کو تقویت ملنے اور علاقائی سطح پر پاکستان کے کردار میں مزید اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
