Baaghi TV

مدینہ سے کراچی کے لیے سستی ایئرلائن کی پروازوں کا آغاز

sa

سعودی عرب کی بجٹ ایئرلائن نے کراچی کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا۔

سعودی عرب کی کم لاگت فضائی کمپنی فلائی آڈیل نے مدینہ منورہ اور کراچی کے درمیان اپنی نئی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت دونوں شہروں کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی نئی سروس کا آغاز اتوار کو ہوا اور مدینہ سے آنے والی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی،186 آل اکانومی کلاس سیٹوں سے لیس ایئربس A320neo طیارے کے ذریعے پروازیں چلائی جائیں گی،ہر سیٹ میں USB-A یا USB-C چارجنگ پورٹس شامل ہیں، جبکہ ہوائی جہاز میں بڑے اوور ہیڈ بِنز اور موڈ لائٹنگ بھی ہیں۔

کراچی کے لیے مدینہ کی نئی پرواز کے بعد فلائی آڈیل کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں پاکستان سے منسلک روٹس کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ کمپنی نے گزشتہ سال پاکستان کی فضائی مارکیٹ میں داخل ہوتے وقت صرف دو روٹس سے اپنی پروازوں کا آغاز کیا تھا۔

مدینہ منورہ اب ریاض کے بعد سعودی عرب کا دوسرا شہر بن گیا ہے جہاں سے فلائی آڈیل کی بین الاقوامی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا جا سکتا ہے، نئی سروس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ مسافروں کو سفر کے لیے ایک اضافی آپشن بھی دستیاب ہوگا-

فلائی آڈیل کے مطابق مدینہ اور کراچی کے درمیان سروس کمپنی کی بین الاقوامی توسیع کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ کمپنی خطے کی مختلف مارکیٹوں میں اپنا فضائی نیٹ ورک بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

کمپنی نے سعودی وژن کے مطابق سال 2030 تک اپنے فضائی نیٹ ورک اور طیاروں کے بیڑے کو موجودہ حجم کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، اس توسیعی منصوبے کے تحت 2027 سے نئے ایئربس اے 321 نیو اور وسیع جسامت کے ایئربس اے 330-900 نیو طیارے بھی موجودہ اے 320 طیاروں کے بیڑے میں شامل کیے جانے کی توقع ہے۔

More posts