Baaghi TV

پشاور،سی ٹی ڈی کی کاروائی،4 دہشتگرد جہنم واصل

ctd police

پشاور: پشاور کے نواحی علاقے میرا کچوڑی قبرستان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق میرا کچوڑی قبرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد فائرنگ رکنے پر علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ کارروائی کے دوران دیگر دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کردیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، 7 میگزین اور بڑی تعداد میں کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت سید ولی کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ننگرہار افغانستان کا افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سید ولی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے تین مبینہ خودکش حملہ آوروں میں سے ایک ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران تمام اہلکار محفوظ رہے اور کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔

دوسری جانب فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ برآمد ہونے والے اسلحے اور دیگر سامان کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر پشاور ریجن کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

More posts