فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے خلاف نوجوانوں کا مثبت اور بامعنی کردار ضروری ہے، نوجوان نسل کو حقائق پر مبنی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے ملاقات کی ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی و عالمی صورتِ حال اور پاکستان کے سیکیورٹی منظر نامے پر تبادلۂ خیال کیا گیا،اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام اور خوش حالی کے فروغ کی کوششوں پر روشنی ڈالی،چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی کے فروغ، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیاتی سوچ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں، جو سماجی میڈیا اور پروپیگنڈے کے باعث تیزی سے تبدیل اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، نوجوان نسل کو مثبت اور بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے حقائق پر مبنی تجزیے اور جدید مہارتوں سے آراستہ ہونا چاہیے۔
ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے جاری دورے کے دوران اپنے خوشگوار تجربات کا اظہار کیا۔ طلبہ نے بالخصوص پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیتیں، مواقع اور ترقی کے امکانات موجود ہیں۔
