Baaghi TV


عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں تو فائدہ عوام تک پہنچائیں گے، وزیر پیٹرولیم

‎اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی تو اس کا براہِ راست فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے گا۔
‎پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے سامنے تمام حقائق رکھے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں دوبارہ جنگ سے پہلے والی سطح پر آ چکی ہیں، تاہم پاکستان جو ریفائن شدہ پیٹرول درآمد کرتا ہے، اس کی قیمت اب بھی جنگ سے قبل کے مقابلے میں تقریباً 15 ڈالر فی بیرل زیادہ ہے۔
‎علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان اپنی پیٹرول کی ضروریات کا تقریباً 70 سے 80 فیصد درآمد کرتا ہے، اسی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں ریفائن شدہ پیٹرول کی بلند قیمتوں کا براہِ راست اثر ملکی قیمتوں پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہوئی، وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دیا، اور آئندہ بھی عالمی قیمتوں میں مزید کمی آنے پر اس کا فائدہ صارفین تک ضرور پہنچایا جائے گا۔
‎وزیر پیٹرولیم نے حالیہ علاقائی کشیدگی اور جنگی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹجک ذخائر محدود ہونے کے باوجود ملک میں تیل کی فراہمی کا نظام مؤثر انداز میں برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اسٹریٹجک آئل اسٹوریج کے قیام سے متعلق عالمی معیار کی ایک اسٹڈی جاری ہے، جس پر دو بین الاقوامی فرمز کام کر رہی ہیں۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کے لیے سرمایہ کاری ناگزیر ہے اور اگر متعلقہ کمپنیوں کو بروقت ادائیگیاں نہ کی جائیں تو وہ اپنی سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکتیں۔
‎واضح رہے کہ حکومت نے 4 جولائی کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپے 97 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔

More posts