Baaghi TV

پمز ہسپتال کےخراب اے سی اور ٹوٹی تاروں کی ویڈیوز سامنے آگئیں، اسپارکنگ کا انکشاف

اسلام آباد: پمز اسپتال میں خراب ایئر کنڈیشنرز اور ٹوٹی ہوئی تاروں کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد اسپتال کے فائر سیفٹی انتظامات پر مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ویڈیوز میں متاثرہ وارڈ کے سامنے خراب ایئر کنڈیشنرز پڑے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ بعض اے سی کی تاریں بھی باہر نکلی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

پمز اسپتال کے ذرائع کے مطابق خراب ایئر کنڈیشنرز مختلف اوقات میں اسپارک کرتے رہتے ہیں، جبکہ ان کی مرمت اور دیکھ بھال کا ٹھیکا ایک نجی کمپنی کے پاس ہے۔

واضح رہے کہ پمز کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوئے، جس کے بعد متاثرہ بچوں کے والدین نے ڈی این اے ٹیسٹ اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے نرسری میں ڈیوٹی پر موجود عملے سے تحریری بیانات طلب کرلیے ہیں۔ کمیٹی نے نرسری کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ بھی تحویل میں لے کر عملے سے سوالات کیے ہیں۔

More posts