کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے حکومتی کارکردگی کا عملی ثبوت ہیں، سندھ تیزی سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں سڑکوں کی تعمیر، گھروں کی فراہمی اور بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ سندھ حکومت محض دعوے نہیں کرتی بلکہ ترقیاتی منصوبے اس کی کارکردگی خود بیان کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے سندھ کا ترقیاتی پروگرام 1018 ارب روپے مختص کیا گیا ہے، جس میں 3642 اسکیمیں شامل ہیں۔ گزشتہ پانچ برس کے دوران صوبے میں 5636 کلومیٹر سڑکیں تعمیر جبکہ 1460 ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی گئیں۔
شرجیل میمن کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ پکے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے، جبکہ صحت اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں سندھ حکومت کے اقدامات نمایاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے سے 3240 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ کو فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ونڈ اور سولر سمیت متعدد قابلِ تجدید توانائی منصوبے بھی قومی نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ آبپاشی کے شعبے میں 3675 میل نہروں کی لائننگ مکمل کی گئی، جس سے 5880 کیوسک پانی کی بچت ہوئی۔ ان کے مطابق سندھ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پورٹ فولیو 2010 میں تقریباً 5 ارب روپے سے بڑھ کر 2024 میں 700 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے، جبکہ 142 ارب روپے کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مخالفین ترقی کا حساب مانگتے ہیں تو سندھ حکومت سیاسی دعووں کے بجائے اعداد و شمار پیش کرتی ہے۔ سندھ کی ترقی صرف کسی ایک شہر یا طبقے تک محدود نہیں بلکہ اس کے وسائل اور خدمات سے پورے ملک کے عوام فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
