امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے 250 ڈالر کے نئے کرنسی نوٹ کی تیاریوں سے متعلق رپورٹس نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی یادگاری کرنسی نوٹ جاری کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خزانہ نے بھی 250 ڈالر کے مجوزہ نوٹ پر ٹرمپ کی تصویر چھاپنے کی تیاریوں کی تصدیق کی ہے۔
اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو ایک صدی سے زائد عرصے بعد امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی زندہ شخصیت کی تصویر کرنسی نوٹ پر شائع ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق امریکا کی بعض وفاقی عمارتوں پر بھی صدر ٹرمپ کی تصاویر پر مشتمل بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ ان کی تصویر والے یادگاری سونے کے سکے اور خصوصی پاسپورٹ ڈیزائنز پر بھی کام جاری ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ پر صدر ٹرمپ کے دستخط بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
تاہم امریکی قانون کے تحت کسی زندہ شخص کی تصویر سرکاری کرنسی نوٹ پر شائع کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اسی وجہ سے اس قانونی پابندی کو ختم کرنے کے لیے امریکی کانگریس میں ایک بل بھی پیش کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں، ناقدین اور بعض سیاسی مبصرین نے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ سرکاری دستاویزات، کرنسی اور قومی علامات پر موجودہ صدر کی تصویر شامل کرنے کی کوشش سیاسی شخصیت پرستی کو فروغ دے سکتی ہے۔
ٹرمپ کی تصویر والے 250 ڈالر نوٹ کی تیاریوں کا دعویٰ
