Baaghi TV


گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ سولر منصوبہ، وزیراعظم کی شفافیت اور بروقت تکمیل کی ہدایت

pm , solar

‎وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ سولر توانائی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت، آئندہ مراحل اور بروقت تکمیل کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
‎اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں شمسی توانائی کا فروغ قومی توانائی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد ماحول دوست، صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے وہاں کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے، جو علاقے میں بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
‎وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے لیے تمام ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منصوبے کی خریداری کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور تمام ادائیگیاں صرف تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے بعد ہی کی جائیں تاکہ شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
‎اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت دسمبر 2026 تک گلگت بلتستان کی 499 سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر بیٹری اسٹوریج سمیت 18 میگاواٹ کے سولر سسٹمز نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 82 میگاواٹ کے یوٹیلٹی اسکیل سولر منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے ایکنک (ECNEC) کو بھجوا دیا گیا ہے۔
‎بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 82 میگاواٹ کے اس منصوبے سے تقریباً 13 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد گلگت بلتستان میں بجلی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی اور عوام کو زیادہ مستحکم اور قابل اعتماد بجلی میسر آئے گی۔
‎اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اسے علاقے کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

More posts