Baaghi TV

وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

‎اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ (ایم ڈبلیو ایل) کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی، تعلیم، علاقائی امن اور مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
‎ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، اراکین قومی اسمبلی فرح ناز اکبر اور زیب جعفر، جبکہ خارجہ سیکریٹری آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی شیخ ڈاکٹر العیسیٰ کے ہمراہ تھے۔
‎وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے مسلم ورلڈ لیگ کی جانب سے اسلام کا حقیقی، معتدل اور پرامن تشخص اجاگر کرنے، امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں رواداری، اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں مذہبی مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ایران اور برادر خلیجی ممالک کی صورتحال، غزہ میں فلسطینی عوام کی مشکلات اور دنیا بھر میں مسلم برادری کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کے کردار کو اہم قرار دیا۔
‎شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر العیسیٰ کے پاکستان کے سابقہ دوروں اور اسلام آباد میں منعقدہ عالمی گرلز ایجوکیشن سمٹ سمیت مختلف اقدامات کو بھی یاد کیا اور تعلیم، بین المذاہب مکالمے، انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
‎وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کے جذبات کا بھی اظہار کیا۔
‎اس موقع پر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے پاکستان کی میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسلم دنیا میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے مذہبی، تعلیمی اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
‎شیخ ڈاکٹر العیسیٰ نے حالیہ علاقائی امن کی کوششوں میں وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے کی گئی مسلسل کوششوں اور اہم کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

More posts