آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مختلف حلقوں سے موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔ میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، جبکہ مختلف حلقوں سے ابتدائی نتائج موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے غیر معمولی ووٹر ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا تھا، جس کے بعد شام 6 بجے پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔ اب مختلف پولنگ اسٹیشنز سے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق کئی حلقوں میں دونوں بڑی جماعتوں کے امیدوار ایک دوسرے کو سخت ٹکر دے رہے ہیں۔
ابتدائی نتائج کے مطابق ایل اے 1 میرپور 1 میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق کو برتری حاصل ہے، جبکہ ایل اے 2 میرپور 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید آگے ہیں۔ ایل اے 3 میرپور 3 اور ایل اے 4 میرپور 4 میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ابتدائی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔
بھمبر کے حلقوں میں بھی مسلم لیگ (ن) مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے۔ ایل اے 5 بھمبر 1 میں وقار احمد نور، ایل اے 6 بھمبر 2میں چوہدری محمد رزاق اور ایل اے 7 بھمبر 3 میں چوہدری طارق فاروق ابتدائی نتائج کے مطابق اپنے مدمقابل امیدواروں سے آگے ہیں۔
دوسری جانب کوٹلی کے حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایل اے 8 کوٹلی 1 میں ظفر اقبال ملک، ایل اے 10 کوٹلی 3 میں چوہدری محمد یاسین، ایل اے 11 کوٹلی 4 میں چوہدری محمد اخلاق اور ایل اے 12 کوٹلی 5 میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار ابتدائی نتائج کے مطابق برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔
ادھر ایل اے 9 کوٹلی 2 میں صرف ایک پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم آگے ہیں، جبکہ ایل اے 13 کوٹلی 6 میں بھی مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان واضح برتری کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
چونکہ یہ نتائج غیر سرکاری اور غیر حتمی ہیں، اس لیے حتمی کامیابی کا فیصلہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہونے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری اعلان کے بعد ہی ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور امیدوار ووٹوں کی گنتی کے عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ مختلف حلقوں میں مقابلہ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔