Baaghi TV

مرکزی مسلم لیگ کا 25 بڑے شہروں میں ریسکیو سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

lahore

شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا اہم تنظیمی اجلاس سینٹرل سیکرٹریٹ لاہور میں چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران، ضلعی صدور شعبہ خدمت خلق اور مسلم ریسکیو مشن کے کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شعبہ خدمت خلق کے مختلف منصوبہ جات، تنظیمی امور اور ملک بھر میں خدمت خلق کی سرگرمیوں ں کو مزید منظم و فعال بنانے کے ساتھ ساتھ مسلم ریسکیو مشن کے کام کا دائرہ کار ملک کے طول و عرض میں وسیع کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس موقع پر شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی نئی جیکٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔

چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے پاکستان میں منظم ریسکیو اور ایمرجنسی رسپانس کی ضرورت اور اس شعبے کی اہمیت کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی ملٹی میڈیا بریفنگ دی اس موقع پر گفتگو کرتےچیئرمین شعبہ خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے کہا کہ قدرتی آفات، سیلاب، روڈ حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں مقامی سطح پر بروقت ابتدائی رسپانس کے لیے تربیت یافتہ افراد، مناسب ریسکیو آلات اور منظم مقامی سطح کے نیٹ ورک کی ضرورت ہے اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم ریسکیو مشن کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم ریسکیو مشن کے تحت پہلے مرحلے میں ملک کے 25 بڑے شہروں میں ریسکیو سینٹرز کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ اضلاع کی سطح پر فرسٹ رسپونڈر پروگرام کے تحت تربیتی ورکشاپس کا آغاز کیا جائے گا جن کے ذریعے رضاکاروں کو ابتدائی طبی امداد، بنیادی لائف سپورٹ، CPR، حادثات سے نمٹنے، فائر سیفٹی، ایمرجنسی اور بنیادی ڈیزاسٹر رسپانس سمیت ضروری مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔

ریسکیو کے کام کو گراس روٹ سطح پر منظم و مؤثر بنانے کے لیے اجلاس میں مختلف اضلاع کے لیے مسلم ریسکیو مشن کے کوآرڈینیٹرز کی تقرریوں کا بھی اعلان کیا گیا جس کے مطابق عبدالشکور کو ملتان، سہیل ارشد کو اسلام آباد، سید حسنین شاہ کو گوجرانوالہ، عابد حسین کو شیخوپورہ، عبدالرحمن کو لاہور، راشد محمود کو قصور اور عمیر ارشد کو گجرات میں مسلم ریسکیو مشن کا کوآرڈینیٹراورمیرعامرعمران کو معاون ٹریننگ کورسز و تربیتی سیشنز مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شعبہ خدمت خلق کے تنظیمی نظم میں ابرار وحید کو کوآرڈینیٹر شعبہ خدمتِ خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب اور حمزہ شاہد کو کوآرڈینیٹر خیبرپختونخوا مقرر کیا گیا۔ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے امید ظاہر کی کہ مقرر کیے گئے ذمہ داران اپنے متعلقہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیوں، رضاکاروں کی تنظیم و رابطہ کاری، تربیتی پروگرامز اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کو مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں شعبہ خدمت خلق کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید نچلی سطح تک منظم اور فعال بنانے کے لیے یونین کونسل کی سطح پر مسلم لیگ ہاؤس میں خدمت خلق ڈیسک قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جہاں مقامی سطح پر عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کو مربوط کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں یونین کونسل کی سطح پر میڈیکل کیمپس، بلڈ ڈونیشن، کفالتِ بیوگان، تربیت یافتہ رضاکاروں کی تیاری، تعزیت اور صلح کمیٹیوں سمیت مختلف شعبہ جات کو منظم اور فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شعبہ خدمت خلق کو ایک منظم، فعال اور مؤثر عوامی خدمت کے نیٹ ورک کے طور پر ملک بھر میں وسعت دی جائے گی جبکہ مسلم ریسکیو مشن کے ذریعے ریسکیو، تربیت، پیشگی تیاری اور ابتدائی ایمرجنسی رسپانس کی صلاحیت کو ضلعی اور مقامی سطح تک پہنچایا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت مدد فراہم کرنے کیلئے ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کی معاونت کی جا سکے۔

More posts