Baaghi TV

بلدیہ گوجرخان کی غفلت یا نااہلی؟ وزیر اعلیٰ پنجاب کا گڈ گورننس ویژن سبوتاژ

چیف آفیسر کو بارہا مطلع کرنے کے باوجود مجرمانہ خاموشی بھاری بلوں کی وصولی کے بعد بھی موٹریں خراب ہونے کا روایتی بہانہ
ٹیکس کا پیسہ کہاں جا رہا ہے؟ گلی محلے اندھیرے میں ڈوبنے پر عوامی حلقوں کا وزیر اعلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ
گوجرخان (قمرشہزاد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کے شہریوں کو دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پبلک سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں، مگر بلدیہ کمیٹی گوجرخان کے افسران کی مبینہ مجرمانہ غفلت اور نااہلی کے باعث تحصیل گوجرخان میں وزیر اعلیٰ کے گڈ گورننس ویژن اور عوامی ترجیحات کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں یہ تیکھا سوال گونج رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی پالیسیوں کو سبوتاژ کرنے کا ذمہ دار آخر کون ہے؟عوامی حلقوں اور تجارتی تنظیموں کی جانب سے سامنے آنے والے شدید تحفظات کے مطابق، گوجرخان شہر بھر میں پینے کے صاف پانی کا سنگین بحران پیدا ہو چکا ہے اور شہری بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ پانی کے اس شدید بحران اور شہریوں کو درپیش تکالیف کے متعلق چیف آفیسر بلدیہ کو بارہا زبانی و تحریری طور پر اور ڈیجیٹل پیغامات کے ذریعے آگاہ کیا گیا، مگر ان کی جانب سے تاحال اس مجرمانہ خاموشی کو نہیں توڑا گیا۔ شہریوں نے بلدیہ انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مخصوس سوال اٹھایا ہے کہ عوام سے واٹر سپلائی کے بھاری بھرکم بل باقاعدگی سے ہڑپ کیے جاتے ہیں، لیکن سپلائی کے وقت آئے روز موٹریں اور ٹیوب ویل خراب ہونے کا روایتی بہانہ بنا دیا جاتا ہے۔ عوام نے پوچھا ہے کہ آخر یہ موٹریں بار بار کیوں خراب ہو رہی ہیں؟ ان کی مینٹیننس پر آنے والا فنڈ کہاں جا رہا ہے؟ کیا واقعی مشینوں کی مرمت ہو رہی ہے یا عوام کے ٹیکس کا پیسہ کاغذی کارروائیوں کی نذر کیا جا رہا ہے؟ متبادل انتظام نہ ہونے سے شہری مہنگے داموں نجی ٹینکرز مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ پانی کے اس بحران کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں اسٹریٹ لائٹس کا نظام اکثر مقامات پر مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے، جس کے باعث رات کے وقت اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر سٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے اور شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہو چکا ہے۔ عوامی حلقوں، سول سوسائٹی نے وزیر اعلی پنجاب، کمشنر و ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام کو جھنجھوڑتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی فنڈز اور موٹروں کی مینٹیننس کا فوری آڈٹ کروایا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کو ناکام بنانے والے عناصر کا محاسبہ کیا جائے اور گوجرخان کے شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔

More posts