Baaghi TV


ہنگو کے جنگلات سے پولیس کانسٹیبل کی لاش برآمد، تحقیقات شروع

Mother, brother and sister killed in Nowshera

‎خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے ابراہیم زئی کے جنگلات سے ایک پولیس اہلکار کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
‎خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق جنگلاتی علاقے سے ملنے والی لاش کی شناخت پولیس کانسٹیبل مشرف علی کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سٹی فیاض خان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
‎پولیس حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور ابتدائی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا۔ فرانزک شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی وجوہات اور حقائق کا تعین کیا جا سکے۔
‎ترجمان کے مطابق فی الحال پولیس اہلکار کی موت کی وجہ کے بارے میں کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کیا گیا۔ تفتیشی ٹیم مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور واقعے کے تمام ممکنہ محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔
‎پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ، فرانزک تجزیے اور دیگر شواہد کی روشنی میں مزید پیش رفت کی جائے گی۔ حکام نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر سے متعلق تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

More posts