کراچی میں گلبہار تھانے میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے سابق ممبر مینجنگ کمیٹی پر مبینہ تشدد کے واقعے کے خلاف وکلا نے سٹی کورٹ میں احتجاج کرتے ہوئے پولیس کے داخلے پر پابندی کا اعلان کر دیا۔
احتجاج کے دوران کراچی بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے سٹی کورٹ کے مرکزی دروازے سائلین کے لیے بھی بند کر دیے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وکلا نے پولیس اہلکاروں کو بھی سٹی کورٹ کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا، جبکہ عدالت آنے والے متعدد افراد کو بھی واپس جانا پڑا۔وکلا کی ہڑتال کے باعث جیلوں سے زیرِ حراست قیدیوں کو پیشیوں کے لیے عدالت نہیں لایا جا سکا، جس سے متعدد مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد سٹی کورٹ میں عدالتی سرگرمیاں تقریباً مکمل طور پر معطل رہیں۔ وکلا کا کہنا ہے کہ گلبہار تھانے میں پیش آنے والے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی تک احتجاج جاری رکھنے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا۔
