Baaghi TV

معرکہ حق،مقبوضہ جموں کشمیر میں پوسٹرز چسپاں ، پاک فوج کو خراجِ تحسین

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرِقبضہ جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جن میں آپریشن بنیان المرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کے قومی پرچم کی تصاویر والے پوسٹرز مختلف علاقوں میں لگائے گئے جن میں یہ پیغام درج تھا کہ ”بھارت کشمیر پر اپنا قبضہ ختم کرے“۔پوسٹروں میں کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر پاکستان کا ناقابلِ تنسیخِ حصّہ ہے۔پوسٹروں میں لکھا تھا کہ ہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ان کی جرات ، قیادت اور تنازعہ کشمیر پر ان کے واضح اور مضبوط موقف پر سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم اپنے برادر ملک پاکستان کو یاد دلاتے ہیں کہ ہمیں بھارتی قبضے اور جبر سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ہم پاکستان کے ساتھ بے پناہ محبت کرتے ہیں اور کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔پوسٹروں میں کشمیر کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیر شاہ ہمدان اور شہداء کی سرزمین ہے، اور دوقومی نظریہ برصغیر پاک و ہند کی ایک تاریخی حقیقت ہے۔

اس سے قبل کشمیریوں کی طرف سے گزشتہ سال مئی کی یاد میں سوشل میڈیا پر ویڈیوز پوسٹ کی گئیں جب پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے بھارت کو فوری اور منہ توڑ جواب دیا تھا۔ اپنے پیغامات میں کشمیریوں نے اس بات پر زور دیا کہ معرکہ حق کے بعد تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملی۔

More posts