Baaghi TV

حکومتی وفد کی حافظ نعیم سے ملاقات، جماعت اسلامی کا مذاکرات کے ساتھ دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے ختم کرانے کی حکومتی کوشش، مذاکرات کیلئے دونوں جانب سے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔

حکومتی وفد نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی، جس کے بعد حکومت اور جماعت اسلامی نے باقاعدہ مذاکرات کے لیے اپنی اپنی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم میں وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثنا اللہ اور خواجہ سلمان رفیق شامل ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کریں گے۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو ریلیف ملے، اسی مقصد کے لیے مذاکراتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی سے کہا کہ اگر ایسی قابل عمل تجاویز موجود ہیں جن سے پیٹرول کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر کم کیا جاسکتا ہے تو حکومت کے سامنے پیش کی جائیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے اور موجودہ حالات میں ملک کو ایسی صورتحال سے بچانا ضروری ہے جس سے دشمن فائدہ اٹھا سکے۔ موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں مل کر داخلی امن برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے بتایا ہے کہ جماعت اسلامی کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تجاویز موجود ہیں۔ حکومت جماعت اسلامی کی قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ 19 روز سے ملک کے 30 مقامات پر جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں اور جماعت اسلامی کو دھرنے دینے کا کوئی شوق نہیں، بلکہ یہ عوام کو درپیش مسائل کے باعث کیے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 سال کے دوران ملک میں غربت میں 33 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ موٹرسائیکل استعمال کرنے والا شخص ایک لیٹر پیٹرول پر 35 فیصد ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ایسی بجلی کے پیسے بھی ادا کر رہے ہیں جو پیدا ہی نہیں ہوتی۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی معطل کرنے کے بجائے اس میں اضافہ کردیا گیا۔ جب سے پیٹرولیم لیوی نافذ ہوئی ہے، اس مد میں 8 ہزار ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، جبکہ رواں سال حکومت نے لیوی کی مد میں مقررہ ہدف سے بھی زیادہ رقم جمع کی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کمی، پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ، آئی پی پیز کے معاملات اور روٹی کی قیمت میں کمی جماعت اسلامی کے اہم مطالبات میں شامل ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرکے پیٹرول کی قیمت بھی کم کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد بھی پیٹرول پر 35 فیصد ٹیکس ادا کر رہے ہیں جن پر براہ راست ٹیکس عائد نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریز کو بہتر بنانا تھا، تاہم جنگی حالات میں بھی عوام سے لیوی وصول کی گئی۔ ان کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں مکمل ہڑتال بھی ہوئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے بھی جاری رہیں گے اور حکومت کے ساتھ مذاکرات بھی ساتھ ساتھ چلتے رہیں گے۔ انہوں نے ری گیسیفکیشن پلانٹس پر بھی کیپیسٹی پیمنٹس وصول کیے جانے پر سوال اٹھایا اور کہا کہ حکومتی رپورٹ کے مطابق 40 فیصد سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

More posts