امریکی شہر نیو یارک میں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے دورے کے موقع پر خالصتان حامی سکھ مظاہرین نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے میڈیسن اسکوائر گارڈن کے باہر بھارتی حکومت اور ہندو قوم پرستی کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین نے بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک اور انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
خالصتان حامی تنظیم سکھس فار جسٹس کے جنرل کونسل گُرپت ونت سنگھ پنوں نے آر ایس ایس اور بی جے پی کی قیادت پر بھارت کو مبینہ طور پر ’’ہندو راشٹر‘‘ میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا۔
گُرپت ونت سنگھ پنوں نے اپنے مؤقف کے حق میں 1984 کے گولڈن ٹیمپل آپریشن، 1992 میں بابری مسجد کی شہادت اور منی پور میں مسیحیوں کے خلاف تشدد کے واقعات کا حوالہ دیا۔
انہوں نے بھارتی ریاستی اداروں پر بھی سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے خلاف مبینہ طور پر استعمال کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
