Baaghi TV

پاکستان بہت یاد آتا ہے،اداکارہ شبنم

shabnam

پاکستانی فلم انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرنے والی لیجنڈری اداکارہ شبنم نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے بے پناہ محبت اور عزت ملی، جسے وہ آج بھی دل سے یاد کرتی ہیں۔

اداکارہ شبنم نے گزشتہ روز اپنی 80ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر انہیں دنیا بھر سے مداحوں اور چاہنے والوں کی جانب سے سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے۔ڈھاکا سے گفتگو کرتے ہوئے شبنم نے کہا کہ پاکستان سے مجھے اتنا پیار ملا کہ اس سے زیادہ اور کیا مل سکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے مداحوں نے اپنی بیٹیوں کے نام بھی ان کے نام پر رکھے، جو ان کے لیے بہت بڑا اعزاز اور محبت کی علامت ہے۔شبنم نے اپنے فلمی کیریئر کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے اپنے دور کے تقریباً تمام مقبول ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا، تاہم ان کی سب سے زیادہ فلمیں اداکار ندیم کے ساتھ ہیں۔ دونوں کی جوڑی نے کئی سپرہٹ فلمیں دیں اور آج بھی مداحوں کے دلوں میں مقبول ہے۔

پاکستان کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے شبنم نے کہا کہ انہیں پاکستان بہت یاد آتا ہے اور ان کا دل چاہتا ہے کہ وہ ہوا کے پروں پر سوار ہوکر پاکستان پہنچ جائیں۔

خیال رہے کہ شبنم نے اپنے شاندار فلمی کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 160 فلموں میں کام کیا، جن میں اردو، بنگالی اور پنجابی زبان کی فلمیں شامل ہیں۔ ان کی ندیم کے ساتھ بننے والی جوڑی پاکستانی فلمی تاریخ کی کامیاب اور یادگار جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے، جس کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔

More posts