Baaghi TV

وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک، پی ٹی آئی کے جے یو آئی سے رابطے

pti

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاجی تحریک چلانے کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے مشترکہ احتجاج کی تجویز پیش کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے فی الحال مشترکہ احتجاج کی حمایت نہیں کی۔ جے یو آئی (ف) کا مؤقف ہے کہ کسی بھی مشترکہ تحریک سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مکمل اعتماد کی بحالی ضروری ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کی قیادت سے ملاقاتوں کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔شوکت یوسفزئی کے مطابق متعدد اہم معاملات پر دونوں جماعتیں اتفاقِ رائے کے قریب پہنچ چکی ہیں، جبکہ رابطوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ تاہم جے یو آئی (ف) کی جانب سے مشترکہ احتجاج میں شمولیت کے لیے اعتماد سازی کو بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے۔

More posts