Baaghi TV


عبداللہ طاہر قتل کیس، ریت کے ٹھیکے کی رنجش سامنے آگئی

‎پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ قتل کی وجہ نارووال میں ریت کے ٹھیکے پر پیدا ہونے والی رنجش تھی، جبکہ اس کیس میں ایک بیرون ملک مقیم ملزم کو مرکزی کردار قرار دیا جا رہا ہے۔
‎ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کا ٹھیکہ نہ لینے کی تنبیہ کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس کے باوجود ٹھیکہ حاصل کیا۔ ذرائع کے مطابق اس تنازع کے بعد امریکا میں مقیم زمان کوگی بٹ نے مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کے ذریعے عبداللہ طاہر کو قتل کروانے کی منصوبہ بندی کی۔
‎پولیس ذرائع کے مطابق ملزم زمان کوگی بٹ کے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد بین الاقوامی قانونی طریقہ کار کے تحت ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
‎ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ زمان کوگی بٹ ماضی میں بھی متعدد سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے اور اس پر تقریباً 20 افراد کے قتل کے الزامات ہیں، تاہم ان دعوؤں کی عدالتی سطح پر تصدیق ہونا باقی ہے۔
‎دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر پر فائرنگ کرنے والے مبینہ کرائے کے شوٹرز تاحال گرفتار نہیں ہو سکے، تاہم تفتیشی ٹیم ان تک پہنچنے کے قریب ہے اور انہیں جلد گرفتار کرنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
‎حکام کے مطابق قتل کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے کے بعد ہی حتمی حقائق واضح ہو سکیں گے۔

More posts