قصور
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا فوڈ انڈسٹریز کے خلاف کریک ڈاؤن، 26 لاکھ سے زائد جرمانے، ایک یونٹ سیل
تفصیلات کے مطابق قصور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص، غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز اسد اللہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز لاہور ڈویژن خواجہ عمیر محمود کی سربراہی میں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قصور راؤ عبید الرحمن کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں مختلف فوڈ انڈسٹریز کی چیکنگ کی۔
کارروائیوں کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز کو مجموعی طور پر 26 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 6 ہزار لیٹر زائد المیعاد کوکنگ آئل اور 2 ہزار کلوگرام خراب گوشت موقع پر تلف کر دیا، جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں اور فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر ایک فوڈ انڈسٹری کو بند کر دیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹر کو واضح ہدایت کی گئی ہے کہ تمام قانونی تقاضے اور خامیاں مکمل طور پر دور کرنے کے بعد ہی کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خوراک کے معیار پر سمجھوتہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر معیاری، ملاوٹ شدہ یا مضرِ صحت خوراک سے متعلق شکایات ٹول فری نمبر 1223 پر درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
